ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کوسموس کے زیراہتمام پرو کبڈی ٹورنامنٹ میں لائن نے ماری بازی؛ فائنل میں میزبان کوسموس کو دی ایک پوائنٹ سے شکست

بھٹکل میں کوسموس کے زیراہتمام پرو کبڈی ٹورنامنٹ میں لائن نے ماری بازی؛ فائنل میں میزبان کوسموس کو دی ایک پوائنٹ سے شکست

Mon, 08 Feb 2021 10:16:18    S.O. News Service

بھٹکل 8 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل خلیفہ اسٹریٹ کی کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام پرو کبڈی ٹورنامنٹ  میں لائن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے فائنل میں میزبان کوسموس کو صرف ایک پوائنٹ سے شکست دیتے ہوئے  ضیاء میموریل ٹرافی حاصل کرلی۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچس بے حد دلچسپ رہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اسٹدیم میں پہنچ کر میچس سے لطف اُٹھایا تو وہیں یو ٹیوب چینل پر  لائیو ٹیلی کاسٹ پر بھی ہزاروں لوگوں نےاپنے کمپوٹر اسکرین پر میچس سے لطف اندوز ہوئے۔  بعض میچس اتنے دلچسپ اور ٹکر ایسی کانٹے کی رہی کہ  آخری لمحوں تک پتہ نہیں چل پارہا تھا کہ کونسی ٹیم آخری لمحوں میں بازی اپنے نام کرلے گی۔

سیمی فائنل میں ایک طرف کوسموس نے انفا کو شکست دی تو دوسری طرف لائن نے  وائی ایم ایس اے کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ فائنل مقابلہ بھی ایسا کانٹے کا رہا کہ  کبھی کوسموس اوپر تو کبھی لائن اوپر جاتی نظر آئی، آخر میں ایک  پوائنٹ سے لائن نے میچ جیت لیا اور آرگنائزر کوسموس دوسرے نمبر پر رہی۔

حسب اعلان ٹرافی جیتنے والی ٹیم  لائن کو 55555 روپئے مع ٹرافی، کوسموس کو دوسرا انعام 25555 روپئے مع ٹرافی ، تیسرا مقام حاصل کرنے والی وائی ایم ایس اے کو15555 روپیہ مع ٹرافی  اور چوتھا انعام انفا  کو 5555 روپیہ مع ٹرافی سے نوازا گیا۔ اسی طرح وائی ایم ایس اے نے  بیسٹ ڈسپلین ٹیم  ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا جس میں  لائن کے زفاف آرمار  کو آل راونڈرکا خطاب، کوسموس کے ساحل عمری کو بیسٹ رائیڈر اور لائن کے ہی  اظہر موٹیا کو بیسٹ کیچر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ میں  لائن کے زُہیر  آرمار اور انفا کے  عبدالباری  نامی  کھلاڑیوں  نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرکے شائقین کبڈی کو اپنی طرف متوجہ کرانے میں کامیاب رہے، اس بنا پر دونوں کھلاڑیوں کو   بیسٹ ایمر جنگ پلیئرس کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ بدھ کو شروع ہونے والے اس فلڈ لائٹ پرو کبڈی ٹورنامنٹ میں جملہ 28 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔


Share: